ISHQ KY QAIDI EP#51



عشق_کے_قیدی -- 51 -- ظفرجی

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی کچہری میں ایک مُنشی صاحب کام کرتے تھے .... 
 میٹرک فیل تھے مگر زبان و بیان کے دھنّی ..... جہاں بیٹھتے مجمع لگا لیتے ..... لوگ ان کی باتوں پر سر دھنتے اور تبحّرِ علمی کی داد دیتے .... سو پشت سے پیشہء آباء فرنگ کی چاکری تھا .... سیالکوٹ کا ایک پادری مسٹر بٹلر ایم - اے بھی ان کا شیدائ تھا- وہ گھنٹوں ان کے پاس بیٹھتا ، دقیق علمی موضوعات کی حس لیتا ، اور دادوتحسین کے ڈونگرے برسا کر رخصت ہوتا-
اتفاق سے برطانوی انٹیلیجنس کے شعبہ ہائے ھند نے کمشنر سیالکوٹ کو ہی "پروجیکٹ اپاسٹلک پروفٹ " کا ٹاسک دے دیا .... کمشنر نے یہ کام مسٹر بٹلر کے متھّے مارا .... پادری نے کہا حضور بندہ تو گھر میں ہی بیٹھا ہے .... منشی صاحب آخر کب کام آئیں گے .... لیکن کمشنر بضد تھا کہ کم از کم چار آدمیوں کا انٹرویو کر کے ایک جینئس ، کرینکل اور ریڈیکولیس بندہ ڈھونڈو کہ معاملہ بہت اہم ہے-
پادری کچھ  دِن سیالکوٹ کی سڑکوں پر جوتیاں چٹخاتا رہا ، اور بودے قسم کے مذھبی دانشور پکڑ پکڑ کے لاتا رہا بالاخر نگاہِ انتخاب منشی پر ہی آکر ٹھہری ..... سالانہ چھٹیاں سر پر تھیں .... طویلے کی بلاء سر سے جھاڑنا ضروری تھا .... وطن واپس جانے سے پہلے پادری نے منشی سے تخلیہ میں طویل ملاقات کی اور کہا :
" اگر میرا  گیان غلط نہیں تو یقین کر لو کہ خداوند نے تمہیں بدنصیب ھندوستانی قوم کا پیغمبر بنانے کا فیصلہ کیا ہے .... یہ فیصلہء آسمانی ہے .... چوں چراں کی گنجائش نہیں .... اس دورِ پُر آشوب میں نبوّت یکبارگی تو ملنے سے رہی .... میرٹ کا زمانہ ہے .... درجہ بدرجہ سیڑھیاں چڑھنا ہونگی .... پہلے مجدّد بن کر اپنا سکّہ جماؤ .... پھر مثیل مسیح بن کر پادریوں اور آریاسماج سے ٹکراؤ .... پھر خنزیر کو قتل کر کے مسیح موعود کہلاؤ .... پھر مہدویّت کا زینہ چڑھ کر ایک امّت بناؤ .... اس سے آگے پیغمبری کا تاج ہے .... جو تم نے اپنے رسک پر پہننا ہے .... دلائل اور معجزات بھی خود تراشنے ہیں .... اور مولیوں سے مقابلہ بھی خود کرنا ہے ..... ترقی کا انحصار کارکردگی پر ہے .... "
" وہ  سب تو ٹھیک ہے .... مگر خنزیر کیسے قتل ہوگا ؟؟ " وقفہء سوالات میں منشی نے پوچھا-
" اس کی فکر مت کرو .... میرے جیسے کئ پھرتے ہیں  .... کسی مشہور عیسائ پادری سے مباہلہ رچاؤ .... ہارو یا جیتو .... اپنی کامیابی کا ڈنکا بجاؤ ..... پھر اس کی موت کی پشین گوئ فرماؤ ...."
"اور اگر وہ وقتِ معیّن تک نہ مرا تو ؟؟ "
" ٹپکا دینا .... کیس ہم ختم کروا دیں گے !!! "
اس کے بعد پادری نے ڈپٹی کمشنر کو منشی کی سی-وی جمع کرائ اور واپس انگلینڈ چلا گیا .... !!!
 ھندوستانی قوم کی بدقسمتی ہے کہ ککڑی اور تمبے میں فرق کر لیتی ہے .... لیکن مذھب کے نام پر اکثر دھوکا کھاتی ہے .... وجہ اس کی عقیدت کا بخار اور شخصیّت پرستی کا خمار ہے .... ھندوستان میں ان دنوں جگہ جگہ علمائے دین اور عیسائی مبلغین دست بدست تھے .... اچھّا مناظر قوم کا ہیرو سمجھا جاتا تھا .... چنانچہ منشی صاحب بھی کبڈی کبڈی کرتے اکھاڑے میں آن اترے اور آتے ہی چھا گئے .... کہیں دلیل سے کام چلایا ، کہیں خصم کو ذلیل کرکے بھگایا .... لفظوں کے مدّاری تھے ، اور تاویلات کے گُرو .... 10 سال کی محنتِ شاقہ کے بعد بالاخر 1870ء میں ایک روایت شکن مصلح ، بہترین مناظر اور پرجوش مذہبی لیڈر بن کر سامنے آئے .... !!!
دال گلتی دیکھ کر 18800ء میں صاحبِ کشف و الہام ہونے کا دعوی کر دیا ..... 1882ء میں مجدّد کے عہدے پر فائز ہوئے ..... 1888ء میں بیعت لینے بیٹھے اور 1891ء میں مثیل مسیح کا چوغہ پہن کر اُٹھ کھڑے ہوئے .... !!!
 پادریوں کے ساتھ مناظروں میں آپ عیسائیت کو غلیظ سے غلیظ گالیاں دیتے رہے ..... حضرت عیسی ع اور بی بی مریم ع کی اہانت کرتے رہے ..... لیکن باوجود شکایات عیسائ حکومت ٹس سے مس نہ ہوئ کہ وسیع تر قومی مفاد کا سوال تھا .... البتہ جواب آں غزل پادریوں نے بھی حضور اکرم ﷺ کی توھین کو وطیرہ بنا لیا ..... اسی طرح آریا سماج جیسی ترقی پسند ھندو تحریک جب مرزا صاحب کے ہاتھوں ذلیل ہوئ تو انہوں نے بھی قران ، اسلام اور سرور کائنات ﷺ پر سب وشتم شروع کر دیا .... نتیجتاً مسلمان اور ھندو جو کبھی استعمار کے خلاف ایک تھے .... آپس میں گتھم گتھا ہو کر رہ گئے .... اور انگریز قدرے اطمینان سے حکومت کرنے لگا ..... !!!
1893ء میں مشہور عیسائ مبلغ ڈپٹی عبداللہ آتھم کے ساتھ 15 روزہ مناظرہ میں آپ نے شکست کھائ ..... اسلام کے نام پر بدنماء دھبّہ لگوا کر .... اور اپنی ناک کٹوا کر واپس آئے تو سال کے اندر اندر آتھم کی موت کی پشین گوئ فرمائ-
عبداللہ آتھم پر امرتسر میں نامعلوم افراد نے گولی چلائ تو  اس نے فیروز پور بھاگ کر جان بچائ .... وہاں چار حملے ہوئے .... دو بار کسی نے گولی چلائ .... ایک بار کمرے میں کسی نے کوبرا سانپ چھوڑا .... لیکن بدبخت کو پھر بھی موت نہ آئ .... جیسے تیسے کر کے پشین گوئ کا سال تمام ہوا تو عیسائیوں نے "فتحِ مقدّس" منائ .... آتھم نے امرتسر آ کر مرزا صاحب پر ارادہء قتل کی رپٹ درج کرائ .... لیکن انگریز کمشنر نے حساس اداروں کے دباؤ پر مرزا صاحب کو چھوڑ دیا اور الٹا آتھم کو ڈانٹ پلائ کہ ڈھیٹ آدمی ..... تجھے موت کیوں نہ آئ .... ؟؟؟
 یوں خنزیر کے ساتھ دو دو ہاتھ کرنے کے بعد مرزا صاحب نے "مسیح موعود" ہونے کا دعوی کر دیا- عوام سے لاکھوں کا چندہ بٹورا ..... راج گیر بلائےاور قادیان میں مینارةالمسیح تعمیر کرایا ..... پھر اس پر چڑھ کر نقارہ بجایا کہ آج سے زمینی جہاد منسوخ ہو چکا .... دین کےلئے لڑنا حرام قرار دے دیا گیا .... اور آج کے بعد جو دین کےلئے تلوار اٹھائے گا .... خدا اور اس کے رسول کا نافرمان ہو گا-
 مرزائیت کی سخن گُسترانیاں قادیان کے چھاپہ خانوں سے نکل کر اردو ، ھندی ، عربی ، فارسی اور انگریزی میں ترجمہ ہوکر ہر اس ملک میں پہنچنے لگیں جہاں برطانوی راج تھا ..... بلادِ عرب ، بلادِ شام ، ترکی ، مصر اور افغانستان سے لیکر مکّہ اور مدینہ کی گلیوں تک " تنسیخِ جہاد" کے فتوے بٹنے لگے .... !!!
جہاد اور مناظروں کے محاذ پر ڈٹّے علماء ادھر  متوجہ ہوئے تو مرزا استعمار کے گھوڑے کو چابک مار چُکا تھا- مقابلے میں اُٹھنے والے ہر مولوی کی انگریز بہادر کو شکایت لگانا اور "وہابی" کہ کر اندر کروانا اس کے بائیں ہاتھ کا کھیل تھا .... اس زمانے میں وہابی اور باغی مترادف الفاظ سمجھے جاتے تھے ....
 مولانا محمد حسین بٹالوی سلفی المسلک تھے اور نزیر حسین محدّث دھلوی کے شاگرد .... بحیثیّت مناظر وہ مرزا صاحب کے بڑے قدردانوں میں سے تھے- مرزا صاحب نے الٹی قلابازی لگائ تو سب سے پہلے انہوں نے ہی شرم دلائ- مرزا صاحب نے مولانا کے عزائم دیکھ کر حسبِ روایت "وہابی وہابی" کا شور مچایا .... مولانا نے رفقاء سے مشورہ کر کے انگریز کمشنر کے پاس " منسوخئ جہاد" کا فتوی جمع کرایا .... اپنی جماعت کو "اہلحدیث" کے نام سے رجسٹر کروایا اور اپنے رفقاء سمیت مرزا کے مقابل آن کھڑے ہوئے کہ یہی بہترین جہاد تھا ..... یوں رفتہ رفتہ مرزا صاحب کے گرد رونق بڑھتی گئ .... جہاد کی چوکیاں خالی ہوتی گئیں اور انگریز مزید اطمینان سے حکومت کرنے لگا .... !!!

No comments:

Post a Comment